6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 16:30
پاکستان نے اقوام متحدہ میں سرکریک پر بھارتی دعوے مسترد کردیئے
جنگ نیوز -
اسلام آباد...اقوام متحدہ میں پاکستان نے سرکریک کے تنازع پر زمینی سرحد اور سمندری حدود سے متعلق بھارت کے دعووٴں کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سمندری امور اور قوانین سے متعلق ادارے کی ویب سائٹ پر سرکریک سے متعلق بھارتی دعووٴں پر مبنی نوٹی فکیشنز جاری کئے گئے تھے۔ پاکستان نے اس کے جواب میں 6 دسمبرکو سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون کو خط لکھا۔ یہ خط بھی ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کردیا گیا ہے جس میں حدود کے تعین سے متعلق بھارتی دعووٴں کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان سرکریک میں حد بندی کے بھارتی نظام کو تسلیم نہیں کرتا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جغرافیائی حدود میں آنے ولے علاقے پر بھارتی دعویٰ بے جا مداخلت، عالمی اصولوں اور اقوام متحدہ کے سمندروں سے متعلق کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ سرکریک میں 96 کلومیٹر طویل کھاڑی صوبہ سندھ اور بھارتی ریاست گجرات کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرتی ہے۔ بھارت کا موٴقف ہے کہ سرحد، کھاڑی کے وسط تک ہے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ کھاڑی کے مشرقی کنارے پر سرحد واقع ہے۔