6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:29
صدر کے ساتھ اجلاس میں نئے صوبوں پر بات نہیں ہوئی،حیدر عباس رضوی
جنگ نیوز -
اسلام آباد...قومی اسمبلی میں متحدہ قومی مومنٹ کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حیدر عباس رضوی نے کہاہے کہ صدر مملکت کے ساتھ اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات چیت نہیں ہوئی، تاہم وزیر اعظم نے یقین دھانی کرائی ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں نئے صوبوں سے متعلق بل پیش کیا جائے گا۔یہ بات انھوں نے ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی کے ہمراہ کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ سینٹ انتخابات آئین کے مطابق ہونے چاہیں، اور انتخابات جب بھی ہوں ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صدر سے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں سینٹ اور عام انتخابات پر گفتگو ہوئی ہے۔انھوں نے کہاکہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ایشوز پر اختلافات ہو سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر پارلیمنٹ میں ایم کیو ایم کے ارکان مل کر نماز پڑھیں تو اس پر بھی سب کو پریشانی ہو جاتی ہے۔ حیدر عباس نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اختیار حاصل ہے کہ وہ ملک کے کسی بھی حصہ میں جلسہ کریں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا 85 فیصد مینڈیٹ ایم کیو ایم کا ہے اگر ایم کیو ایم کو نقصان ہوگا تو کراچی کو بھی ہوگا۔