6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:29
گزشتہ ہفتہ ایک سال کے دوران سب مہنگا ہفتہ رہا، ایف بی ایس
جنگ نیوز -
اسلام آباد...5 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں مہنگائی کی شرح گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت 1.4 فی صد زیادہ رہی اور یہ گزشتہ ایک سال میں سب سے مہنگا ہفتہ رہا۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 5 جنوری کو ختم ہونیوالے ہفتے میں روزمرہ استعمال کی53 اشیاء میں سے20 کی قیمتوں میں اضافہ، 11کی قیمتوں میں کمی اور 22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے اندر پیاز 27 فی صد، گھی13 فی صد اور انڈے 9 فی صد مہنگے ہوئے۔ 5 جنوری کو 2012 کو ختم ہونے والے ہفتے میں2011 کی نسبت مرغی 25 فی صد، کیلے 23 فی صد، پیٹرول 12 فی صد اور چاول 17 فی صد مہنگے ہوئے۔ اسی طرح جلانے کی لکڑی 25 فی صد، گیس 30 فیصد اور مٹی کا تیل20 فی صد مہنگا ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت گوشت 17 فی صد، گندم 2 فی صد جبکہ سرسوں کا تیل13 فی صد اور ٹوٹا چاول 17 فی صد مہنگا ہوگیا۔ اس ہفتے آلو، ٹماٹر، چینی، دال مونگ اور دال ماش اور ادرک کی قیمتیں کم ہوئیں۔