6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:29
صدر زرداری نے جج صاحبان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، ایاز سومرو
جنگ نیوز -
کراچی....سندھ کے وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے ہی جج صاحبان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور موجودہ دور میں ہی گاڑیاں دی گئیں، ماتحت عدالتی عملے کا معاملہ زیرغور ہے جلد حل کرلیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن مقیم عالم نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ تینوں صوبوں میں ماتحت عدلیہ کے اسٹاف کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا گیا ہے سندھ میں بھی اضافہ کیا جائے۔ ملازمین نے 2 روز کی ہڑتال کر رکھی ہے۔ وزیر قانون ایاز سومرونے کہا کہ صدر آصف زرداری نے آتے ہی جج صاحبان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا اور تقریباً ہر جج کو گاڑی بھی دے دی گئی ہے۔ ایاز سومرو نے کہا کہ ہائی کورٹ کے چپراسی کی تنخواہ 33 ہزار ہے جو وزراء اور ایم پی اے کے مقابلے کی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں کے عملے کی تنخواہیں مساوی ہونی چاہئیں۔ ایاز سومرو نے کہا کہ ماتحت عدلیہ کے عملے کے الاوٴنسز اور تنخواہ میں اضافے کا معاملہ زیر غور ہے جلد حل کرلیا جائے گا۔