6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:40
سندھ اسمبلی: عوامی املاک سے تجاوزات کے خاتمے کا ترمیمی بل منظور
جنگ نیوز -
کراچی...سندھ اسمبلی میں عوامی املاک سے تجاوزات کے خاتمے کا دوسرا ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظورکرلیاگیاجس کے تحت تجاوزات کے خاتمے کیلئے قائم ٹریبونل اور خصوصی عدالت میں پریذائیڈنگ آفیسر کا تقررچیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔سندھ اسمبلی کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر سکندر میندھرو کی زیر صدارت شروع ہوا۔اجلاس میں فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا کے لئے دعائے صحت کی گئی۔ وزیرقانون ایاز سومرو نے سرکاری املاک پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے دوسری ترمیم کا بل پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔اس بل میں ترمیم کے بعد تجاوزات کے خاتمے کے لئے قائم ٹریبونل اور خصوصی عدالتوں میں پریذائیڈنگ آفیسر ڈسٹرکٹ جج، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج یا دس سالہ تجربہ کار وکیل ہوگا جسے چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ کی مشاورت سے مقرر کیا جائے۔اجلاس میں گورنر کے منظور کردہ سندھ کریمنل پراسیکیوشن ترمیمی بل کا اعلان کیا گیا جبکہ سندھ سروسز سیلز ٹیکس ترمیمی بل ایک مرتبہ بھر موخر کردیا گیا۔اجلاس میں پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر حلیف جماعتوں کی جانب سے ذوالفقار بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد پر تقاریربھی کی گئیں۔