6 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:40
سرائیکی صوبہ کیلئے دوتہائی اکثریت حاصل کر لی ہے،وزیراعظم گیلانی
جنگ نیوز -
اسلام آباد...وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وہ نئے صوبوں کے حق میں ہیں اور سرائیکی صوبہ بنانے کے لیے دوتہائی اکثریت حاصل کر لی گئی ہے۔ قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں وزیر اعظم گیلانی نے کہا کہ انہوں نے سرائیکی صوبے کے حوالے سے قرارداد پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی کوشش کی مگر اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ جس کے بعدحکومت نے قومی اسمبلی سے رجوع کیا اور اب سرائیکی صوبے کے قیام کے حوالے سے دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ اس اتفاق رائے کو سیاست کی نظر کریں، کیوں کہ ایسا ہوا تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم سے کہا کہ اگر وہ نئے صوبوں کے حوالے سے قرارداد لانا چاہتی ہے تو حکومت اس کا ساتھ دے گی۔ لیکن کہیں ایسا نہ ہو جائے کہ کوئی خرابی پیدا کرنے والے کے طور پر استعمال ہو جائے اور کسی کے زیر اثر آکر کچھ ایسا کر دیں کہ تاریخ معاف نہ کرے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہزارہ صوبہ کے قیام کے حوالے سے اسفندیار ولی سے رابطہ کیا ہے، جماعتوں کے چیف وہپ نئے صوبوں کے حوالے سے قرارداد لانے کے لیے آپس میں مشاورت کریں۔