7 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:7
جڑواں شہروں میں بارش، مارگلہ کی پہاڑیوں پر برف باری
جنگ نیوز -
اسلام آباد… ملک کے بالائی علاقوں میں بدلنے والی موسم کی رت نے وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ پہاڑیوں کی بلند چوٹیوں کو بھی برف کی سفید چادر اوڑھا دی ہے۔ مری سے آنے والا پہاڑی سلسلہ، اسلام آباد پہنچ کر مارگلہ کی پہاڑیوں سے مل جاتا ہے، بری امام علاقہ سے ملحقہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر یہ برفباری رات کو ہوئی، پہاڑی چوٹی کے سلسلہ پیر سوہاوہ اور ملحقہ مقامات پر قابل ذکر برفباری ہوئی، پہاڑوں پر بڑی یہ برف دن کے آغاز پر دور سے ہی دیکھی جاسکتی تھی، جڑواں شہروں میں صبح سے ہی گہرا ابر آلود موسم تھا اور بعض مقامات پر بونداباندی اور ہلکی بارش ہوتی رہی، بادلوں کی ٹولیوں نے بھی برف سے ڈھکی پہاڑیوں کو لپیٹ میں لئے رکھا، وفاقی حکومت کی آج ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے توقع ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے باسی اور اس کے جڑواں شہر راول پنڈی کے مکین، اس برف سے لطف اندوز ہونے کیلئے، پیرسوہاوہ اور ملحقہ مقامات پر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔