7 جنوری 2012
وقت اشاعت: 8:41
ملک بھر میں سردی، کہیں شدید برفباری، کہیں بارش
جنگ نیوز -
اسلام آباد… ملک بھرمیں سردی نے ڈیرہ جمالیا ہے۔ بالائی علاقوں میں شدید برف باری سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں ،، مری ایکسپریس وے پر رات سے مسافر گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ ایبٹ آباد نتھیا گلی سمیت گلیات کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے،مری میں جمعہ کی شام سے کسی وقفے کے بغیربرفباری جاری ہے ،علاقے کی سڑکیں ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند ہوگئی ہیں۔ اسکردو کے بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے غذر میں 5روز سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔مسلسل برفباری کی وجہ سے مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند اورجلانے کے لئے ایندھن مہنگا ہونے سے معمولات زندگی بری طرح متاثرہورہے ہیں۔ ہزارہ ڈویژن میں موسم مکمل ابر آلود ہے۔رات بھربارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔پہاڑوں پر 8انچ سے ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے۔بالائی علاقوں الائی ،بٹ گرام اور ناران کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات،اپر اور لوئر دیر ،بونیرشانگلہ اورمالاکنڈ ایجنسی میں وقفے وقفے سے بارش اور بالائی علاقو ں میں برفباری جاری ہے،چترال میں لواری ٹنل سے برف صاف کر کے چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھول دیا ہے۔ اورکزئی ایجنسی ،کوہاٹ کے پہاڑوں،کرک میں بہادر خیل اورہنگو کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے اور مختلف مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے شہری علاقوں میں 40 سال بعد برفباری سے موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔دوادی نیلم،وادی گریز اور لیپہ سمیت مختلف علاقوں میں برفباری جاری ہے۔سدھن گلی،بٹ شیڑھ، پنجال گلی اور سیر کوٹ کے مقام پر برف کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔ ایبٹ آباد اور نتھیا گلی سمیت گلیات کے مختلف علاقوں میں تیسرے روز بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے،اب تک ایک فٹ تک برف پڑچکی ہے ۔