7 جنوری 2012
وقت اشاعت: 12:57
منصور اعجاز نے پاکستان آنے کیلئے کوئی شرط عائد نہیں کی، اکرم شیخ
جنگ نیوز -
اسلام آباد … میمو گیٹ اسکینڈل کے مرکزی کردار منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے کہا ہے کہ ان کے موٴکل نے پاکستان آنے کے لئے کوئی شرط عائد نہیں کی۔ حکومت نے اٹارنی جنرل آفس کا غلط استعمال کرکے پرانے خط کی بنیاد پر میڈیا کو غلط معلومات جاری کرائیں۔ اکرم شیخ ایڈووکیٹ نے ایک بیان میں کہا کہ میموگیٹ تحقیقاتی کمیشن کو جب بھی ضرورت پڑی تو منصور اعجاز پاکستان آنے اور ہر طرح کی جرح کا سامنے کرنے کو تیار ہیں۔ اکرم شیخ کا کہنا ہے کہ منصور اعجاز کے پرانے خط کا حوالہ دے کر میڈیا کو اطلاع جاری کی گئی۔ توقع ہے کہ میمو گیٹ کمیشن حکومت اور اہل کاروں کو ایسے اقدام سے روکے گا، منصور اعجاز سے متعلق پرانی اطلاع جاری کرانے کا مقصد میڈیا میں منصور اعجاز کو بے توقیر کرنا ہے۔ اکرم شیخ نے کہا کہ منصور اعجاز سے متعلق تمام اطلاعات اب ان کی وساطت سے جاری کی جائیں گی۔