7 جنوری 2012
وقت اشاعت: 13:41
تاروجبہ میں اسکول ٹیچرکا بارہ سالہ طالب علم پر تشدد
جنگ نیوز -
پشاور… نوشہرہ کے علاقے تارو جبہ میں 12 سالہ طالب علم کو اسکول ٹیچر نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، زخمی بچے کو اسپتال میں داخل کردیا گیا۔ تارو جبہ کے علاقے حمید آباد کا 12 سالہ طالب علم محمد سلیمان گورنمنٹ ہائی اسکول کا طالب علم ہے۔ جمعہ کے روز چھٹی کرنے پر سرکاری اسکول ٹیچر ساجد انور نے اس پر اس قدر تشدد کیا کہ بچے کی حالت غیر ہوگئی اور اسے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے اسے داخل کرنے سے انکار کردیا۔ بچے کو بعد ازاں پشاور کے نجی میڈیکل سینٹرمیں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اسے اندرونی زخم آئے ہیں اس کے علاوہ بچے کا اپنڈکس آپریشن بھی کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسکول ٹیچرساجد انور کی جانب سے طالب علم کے والد سید شاہ کو دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔