7 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:19
سندھ اسمبلی: سیلز ٹیکس برائے سروسز ترمیمی بل 2011 منظور
جنگ نیوز -
کراچی....سندھ اسمبلی نے سیلز ٹیکس برائے سروسز ترمیمی بل 2011 اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔ سندھ اسمبلی میں وزیر قانون ایاز سومرو نے سندھ سیلز ٹیکس برائے سروسز ترمیمی بل 2011 پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ماہ میں حکومت سندھ نے ساڑھے 11 ارب روپے اکٹھے کئے ہیں جو حلیف جماعتوں کا بڑا کارنامہ ہے۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ 3 ہزار 3 سو ٹیکس نادہندگان کو بھی رجسٹرڈ کیا ہے جس میں مزید اضافہ ہوگا۔ پیپلز پارٹی کی رکن حمیرا علوانی کا کہنا تھا کہ سندھ سیلز ٹیکس برائے سروسز بل سے سندھ کو مالی فائدہ ہورہا ہے، بینکنگ سیکٹر میں جو مسائل پیدا ہورہے تھے اس کے ذریعے دور ہوجائیں گے۔ ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد کا کہنا تھا کہ حکومت نے 6 ماہ میں 16 ارب نہیں بلکہ 6 سے 7 ارب روپے جمع کئے ہیں جو بورڈ آف ریونیو کے لئے قابل تعریف ہے۔ بعد میں بل ایوان میں اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔