7 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:30
سیاسی مسائل فوجی دماغ نہیں سیاستدان حل کرسکتے ہیں، عاصمہ جہانگیر
جنگ نیوز -
لاہور … سپریم کورٹ بارکی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ سیاسی مسائل فوجی دماغ نہیں صرف سیاستدان حل کرسکتے ہیں، ہم اسٹیبلشمنٹ کو ختم نہیں کرنا چاہتے لیکن اتنا کمزور کرنا چاہتے ہیں کہ وہ سول بالادستی میں رہے۔ لاہور میں سابق ایم این اے چوہدری جلیل احمد کی خود نوشت کی تقریب رونمائی میں انہوں نے کہا اگر سیاسی عمل اسٹیبلشمنٹ نے بنانا ہے تو یہ خطر ے سے خالی نہیں، عدلیہ کی آواز مقبولیت کیلئے نہیں بلکہ عوامی حقوق کیلئے ہونی چاہیے۔ ان کا کہناتھاکہ ہم اپنی غیرت کاغذ کے ٹکرے سے جوڑتے ہیں، کاش 40 فیصد بھوکے ننگے لوگوں سے بھی جوڑتے۔ انہوں نے کہا الیکشن میں چھرا نہ گھونپا گیا تو وہی اقتدارمیں آئیں گے جنہیں عوام چاہیں گے، تحریک انصاف کے مستقبل کا فیصلہ بھی الیکشن میں ہوگا۔ عاصمہ جہانگیر نے کہا ہمیں پاکستانیوں پر تو شک ہے لیکن ایک مشکوک شخص کی بات پر یقین کرلیتے ہیں۔ منصوراعجاز خود کہہ چکا ہے کہ وہ امریکی شہری ہے اور ایجنسیوں سے اس کے تعلقات ہیں۔