8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 3:8
کراچی :آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسے کی تیاریاں رات گئے تک جاری
جنگ نیوز -
کراچی :آل پاکستان مسلم لیگ کے جلسے کی تیاریاں رات گئے تک جاری
کراچی…سابق صدر پرویز مشرف کی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے کراچی میں جلسے کی تیاریاں رات گئے بھی جاری ہیں۔مزار قائد کے سامنے باغ قائد میں آج سابق صدر پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ کاپہلا جلسہ عام منعقد کیا جا رہا ہے۔جلسہ دوپہر ایک بجے شروع ہو گا جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ جلسہ گاہ میں کنٹینر کی مدد سے دو اسٹیج بنائے جارہے ہیں ، ان میں سے ایک پارٹی رہنماوٴں اور دوسرا میڈیا کے لیے ہوگا۔ جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کے لیے یوتھ ونگ کے نوجوان اپنے فرائض انجام دیں گے۔25 دسمبر کو اسی گراوٴنڈ پر تحریک انصاف کے سربراہ اورپاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان اپنا سیاسی میچ کھیل چکے ہیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنماوٴں کا کہنا ہے کہ جلسے کی سیکیورٹی کیلیے سندھ کے وزیر داخلہ منظور وسان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔لوگوں کوجلسے میں مدعوکرنے کیلیے شہر کے مختلف علاقوں میں استقبالیہ کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔تجزیہ کاروں کے نزدیک جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کاباغ قائدمیں جلسہ آل پاکستان مسلم لیگ کے لیے ایک امتحان ہے اور اس میں لوگوں کی تعدادسے واضح ہوگاکہ سابق صدرکاوطن واپسی کی صورت میں استقبال کیساہوگا۔