8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 5:8
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری،رابطہ سڑکیں بند
جنگ نیوز -
اسلام آباد…آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کاسلسلہ جاری ہے جس کے باعث اہم شاہراہیں بندہوگئی ہیں اورپہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگ گھروں میں محصورہوکررہے گئے ہیں۔آزاد کشمیر کی وادیوں کیل، نیلم، گریز ، لیپہ ، سدھن گلی، بٹ شیڑھ، پنجال گلی اور سیر کوٹ میں چار روز سے جاری برفباری نے وادی کی ہر شے کوڈھانپ لیاہے۔پنجال گلی کے مقام پر بیشتر شاہراہیں کئی انچ برف پڑنے کے سبب بند ہوگئی ہیں۔بلتستان ڈویژن کے بالائی علاقوں میں بھی ہرسمت برف ہی برف بچھی نظر آتی ہے۔ چلاس، دیامر اور بابوسر کے پہاڑی علاقوں میں رہنے والے افراد برف باری کے باعث گھروں میں محصور ہیں۔چترال میں برف باری سے بند ہونے والی لواری ٹنل کو برف صاف کر کے چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے،ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے ساتھ ہی سیاحوں کے رش میں اضافہ ہوگیا ہے ، کچھ سیاح برفباری کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں تو کچھ سیاحوں کی گاڑیاں مختلف مقامات پررات بھر پھنسی رہیں اورانھیں شدیدمشکلات کاسامنا کرناپڑا۔ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی، ایبٹ آباد اور نتھیا گلی سمیت گلیات کے مختلف علاقوں میں ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ جبکہ الائی، بٹ گرام اور ناران کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئی ہیں۔ مالاکنڈڈویڑن کے علاقوں اپردیر ، لوئردیر ، سوات ، شانگلہ اور بونیر میں تین روز تک جاری رہنے والی برفباری اور بارش کا سلسلہ تو تھم گیا تاہم مختلف علاقوں میں برف ابھی تک جمی ہوئی ہے۔ جسے لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ہٹانے میں مصروف ہیں۔علاقوں باجوڑ ایجنسی اورخیبر ایجنسی میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہوگیاہے۔