تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 9:30

بلوچستان میں سخت سردی، گیس بندش اور پریشر کمی سے عوام پریشان

جنگ نیوز -
کوئٹہ…بلوچستان میں سخت سردی کے دوران بیشتر علاقوں میں گیس کی بندش اور گیس پریشر میں کمی نے عوام کی مشکلات بڑھادیں۔ بعض علاقوں میں لوگوں نے گیس کی بندش اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہیں بند کردی ہیں۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقے تین روز سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے گرگیا ہے۔ ایسے موسم میں کوئٹہ میں گیس کا پریشر کافی کم ہوگیا جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس کی سپلائی بند ہے اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اس صورتحال کے خلاف نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے آج صبح ضلع مستونگ کے علاقے لک پاس کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ اور کوئٹہ تفتان شاہراہ رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردی۔ دشت کے علاقے میں بھی کوئٹہ سبی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ہے۔ سڑکوں کے دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ سوئی گیس پریشر میں کمی کے خلاف سوئی شہر میں شٹرڈاون ہڑتال بھی کی جارہی ہے اور تمام کاروباری مراکزبند ہیں۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے گیس پریشر میں کمی اور بندش کا مسئلہ دو روز پہلے نصیرآباد میں دھماکے سے گیس پائپ لائن تباہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہواہے۔ پائپ لائن کی مرمت کا کام سیکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد آج شروع کردیا جائے گا اور کل تک گیس بحال ہوجائے گی۔ گیس کی عدم فراہمی کے سبب بلوچستان میں سی این جی اسٹیشن آج دوسرے روز بھی بند ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.