تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:53

صدر میں اخلاقی جرأت ہوتی تو خاتون کا نام بھی بتا دیتے، ناہید خان

جنگ نیوز -


کراچی … صدر زرداری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ناہید خان نے کہا ہے کہ صدر میں اخلاقی جرأت ہوتی تو خاتون کا نام بھی بتادیتے، گزشتہ روز ایک انٹرویو میں صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کے راول پنڈی جلسے کی ذمہ دار صرف ایک خاتون ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما اور شہید محترمہ بینظیر بھٹوکی قریبی ساتھی ناہید خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ صدر میں اخلاقی جرات ہوتی تو اس خاتون کا نام بھی بتادیتے۔ بے نظیر بھٹو کے تمام جلسے پہلے سے طے شدہ ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی میں آصف زرداری کو سیاست سے الگ کرکے بچوں کی دیکھ بھال پر مامور کردیا تھا۔ اس سے قبل چکوال پریس کلب میں ذوالفقارعلی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناہید خان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری مسلم لیگ ق کو قاتل لیگ کہتے تھے اور آج انہیں کو اپنی جھولی میں ڈال لیا ہے، جبکہ بینظیربھٹو شہید نے اپنے قتل ہونے کے خدشے میں چوہدری پرویز الٰہی کو ملزم نامزد کیا تھا۔ ناہیدخان کا کہناتھا کہ موجودپیپلزپارٹی ذوالفقاربھٹو اور بینظیربھٹو کے سیاسی فلسفے سے ہٹ چکی ہے اسی لئے وہ کارکنوں کے بجائے مسلم لیگ ق ، ایم کیوایم اور اے این پی کے سہارے ڈھونڈ رہی ہے۔ ناہید خان نے کہا کہ بینظیربھٹو نے جنرل مشرف سے کوئی ڈیل نہیں کی تھی بے نظیر بھٹو، پرویز مشرف کی وردی اتروانے کی شرط پر وطن واپس آئی تھیں۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.