تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:53

پرویز مشرف کے کئی غیر ملکی بینک اکاوٴنٹس کا انکشاف

جنگ نیوز -


اسلام آباد …سابق صدر پرویز مشرف کے بیرون ملک کئی بینک اکاوٴنٹس کا انکشاف ہوا ہے جن میں غیر ملکی کرنسی کی صورت میں اربوں روپے موجود ہیں۔ دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ کے مطابق 1999 میں نواز شریف کی حکومت کا تختہ الٹنے کے چند ماہ بعد پرویز مشرف نے اپنے اثاثے ظاہر کئے تھے ،جن کے مطابق ان کے پاس چند پلاٹ اور کچھ نقد رقم تھی۔ لیکن آج وہ ارب پتی ہیں۔ سابق صدر کے ایک قریبی ذریعے نے بتایا کہ لندن اور دبئی کے بینکوں میں پرویز مشرف کے سات سے دس اکاوٴنٹس ہیں جن میں ڈالرز، پاوٴنڈز اور درہم موجود ہیں۔ انہوں نے مالی فوائد کے لئے بیرون ملک سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے۔ ذریعے کے مطابق صرف دبئی کی ایک آن لائن ٹریڈنگ سروس میں پرویز مشرف نے گزشتہ سال کے وسط میں 16 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔کمپنی میں پرویز مشرف کا اکاوٴنٹ نمبر AV77777 بتایا گیا ہے۔ ابو ظبی کے یونین نیشنل بینک میں پرویز مشرف اور ان کی اہلیہ صہبا مشرف کے 8 اکاوٴنٹس ہے۔ پہلے مشترکہ اکاوٴنٹ میں پچھلے سال کے وسط تک ایک کروڑ 70 لاکھ درہم موجود تھے۔ دوسرے مشترکہ اکاوٴنٹ میں پانچ لاکھ 35 ہزار 325 امریکی ڈالرز ، تیسرے مشترکہ اکاوٴنٹ میں 76 لاکھ اماراتی درہم ، چوتھے مشترکہ اکاوٴنٹ میں 80 لاکھ درہم پانچویں اکاوٴنٹ میں 80 لاکھ ڈالرز چھٹے مشترکہ اکاوٴنٹ میں 80 لاکھ درہم ، ساتویں مشترکہ اکاوٴنٹ میں 80 لاکھ درہم اور آٹھویں مشترکہ اکاوٴنٹ میں گذشتہ سال تک ایک لاکھ تیس ہزار امریکی ڈالرز تھے۔ سوال یہ ہے کہ 1999 میں چند پلاٹ اور کچھ نقد رقم کے مالک پرویز مشرف ارب پتی کیسے بنے؟ جب یہی سوال اْن کے ترجمان فواد چوہدری ایڈووکیٹ سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ جب آرمی چیف ریٹائر ہوتا ہے تو اسے پنشن کی مد میں تقریباً 40 سے 50 کروڑ روپے ملتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کو لیکچرز دینے کے عوض بھاری رقم ملتی ہے۔تاہم فواد چودھری نے اس بات کی تردید کی کہ پرویز مشرف کے بینک اکاوٴنٹس میں اربوں روپے کی دولت نہیں ہے۔


صفحات

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.