تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:53

بنگالیوں نے بنگلہ دیش کیلئے نہیں پاکستان کیلئے قربانیاں دیں، شیخ فیروز

جنگ نیوز -


کراچی … پاکستان بنگالی ایکش کمیٹی کے چیئر مین شیخ فیرو ز نے کہا ہے کہ ہمارے بانیان پاکستان نے بنگلا دیش نہیں بلکہ پاکستان بنانے کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ سازشی عناصر نے ملک کے 2 ٹکڑے کردئیے اس میں بنگالی قوم کا کیا قصور ہے۔ بنگالی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کراچی میں نمائش سے تبت سینٹر تک ریلی نکالی گئی اس موقع پر بنگالی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی ریلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے صوبائی وزیر عبدالحسیب نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان بنگالی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شیخ فیروز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی بنگالیوں کو قانونی اور آئینی دستاویزات نہیں دئیے گئے تو پارلیمنٹ ہاوٴس، گورنر ہاوٴس اور وزیر اعلیٰ ہاوٴس کا گھیراوٴ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ بنگالی قوم نے ہمیشہ افواج پاکستان کا ساتھ دیا ہے، ہم پاکستانی بنگالی اس ملک کے وارث ہیں۔ شیخ فیروز نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد، صدر پاکستان، وزیر اعظم، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خدارا پاکستانی بنگالیوں کو قانونی اور آئینی حقوق دلوائیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اوقاف عبدالحسیب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں بسنے والے محب وطن بنگالیوں کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کئے جائیں، گرفتار محب وطن بنگالیوں کو آزاد کیا جائے، محب وطن بنگالیوں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا، نارا اور دیگر اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستانی بنگالیوں کے حقوق نہ چھینے جائیں ۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.