8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:52
شاہ لطیف بھٹائی کی تعلیم پیار و محبت، فلاح و بہبود کا پیغام ہے، گورنر سندھ
جنگ نیوز -
کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ شاہ لطیف بھٹائی کی تعلیم پیا ر و محبت اورتمام انسانوں کی فلاح و بہبود کا پیغام ہے۔ اعلامیے کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے پیغام اور کلام میں پائی جانے والی گہرائی ان کے مشاہدات و تجربات، عوامی احساسات اور قدرت کی نشانیوں کے مطالعے کا عکس ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے شاعر کم ہی ملیں گے جنہوں نے طویل مدت تک عوام اور معاشرتی حالتوں کا اتنا اثر قبول کیا ہو۔ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے کلام میں موسیقی کے الفاظ کی غنائیت کا بڑا اہتمام ہے جس سے ایک اثر اور موسیقی کی روح پر ور نغمگی چھلکتی ہے ان کا کلام آج بھی تمام طبقوں میں یکساں مقبول ہے کیوں کہ ہر شخص کو اس میں اپنے ضمیر کی آواز سنائی دیتی ہے۔ انہوں نے انسانی معاشرے کی بہتری اور خالق انسان کا بنیادی پیغام پھیلانے میں انمول کردار ادا کیا ہے۔ گور نر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ہم سب کو چاہئے کہ نہ صرف ہم شاہ صاحب کے پیغام کو عام کریں بلکہ اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے صوبے اور ملک کو اتحاد و یکجہتی، پیار و محبت اور امن و آشتی کا گہوارا بنائیں۔