8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:30
فاٹاکے عوام الگ صوبہ چاہتے ہیں تومیں انکے ساتھ ہوں ،الطاف حسین
جنگ نیوز -
لندن …متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ فاٹاکے عوام محر وم اورمجبوروبے کس ہیں، ان کے مسائل حل ہونے چاہئیں اوران کی بھی محرومی دورہونی چاہیے ،اس کاواحدحل یہ ہے کہ قبائلی علاقوں پر مشتمل علیحدہ صوبہ قبائلستان بنایاجائے۔ انہوں نے یہ بات آج فاٹاگرینڈالائنس کے سربراہ ملک خان مرجان وزیرسے فون پر گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ ملک خان مرجان وزیرنے لندن ٹیلیفون کرکے قومی اسمبلی میں فاٹاکیلئے آوازبلندکرنے پر فاٹا گرینڈ الائنس اورتمام قبائلی عوام کی جانب سے الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔ الطاف حسین نے ملک خان مرجان سے کہاکہ آپ میرے اپنے ہیں، میںآ پ کاہوں، میں فاٹاکے مظلوم عوام کے دکھ سکھ میں روحانی طورپرشریک ہوں اوران مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کروں گا۔ الطا ف حسین نے کہاکہ جب بعض لوگ قیام پاکستان کی مخالفت کررہے تھے توقبائلی عوام نے قائداعظم کاساتھ دیامگرفاٹاکے عوام گزشتہ 64 برسوں سے اپنے حقوق اور زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ اگر فاٹاکے عوام اپنے مسائل کے حل اورمحرومی کے خاتمے کیلئے اپناالگ صوبہ اورعلیحدہ اسمبلی چاہتے ہیں تومیں اس معاملے میں فاٹاکے تمام قبائل کے مظلوم عوام کے ساتھ ہوں اورانہیں اپنا غیرمشروط تعان پیش کرتاہوں۔ایم کیوایم سرائیکی اورہزارہ صوبہ کے ساتھ ساتھ فاٹا کے صوبہ قبائلستان کے قیام کیلئے اسمبلیوں ، ایوانوں،سڑکوں ہرجگہ آوازاٹھائے گی اورمظلوم قبائلی عوام کوانکے حقوق دلانے کیلئے ہرممکن جدوجہدکرے گی ،انہوں نے کہاکہ اگرایم کیوایم اورقبائلی عوام آپس میں مل گئے توکوئی پاکستان کونقصان نہیں پہنچاسکتا۔ الطا ف حسین نے فاٹا گرینڈ الائنس کے تمام عہدیداروں،تمام قبائل کے مشران،قبائلی نوجوانوں، ماوٴں،بہنوں،بزرگوں، طلبہ وطالبات اورتمام قبائلی عوام کواپناسلام اورنیک جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ قبائلی عوام ہمارے بھائی ہیں وہ نائن زیرو کواپناگھرسمجھیں۔اس موقع پر فاٹاگرینڈالائنس کے سربراہ ملک خان مرجان وزیرنے الطاف حسین سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ 64برسوں میں قبائلی خطہ کونظراندازکیاگیا اسی وجہ سے آج قبائل اپنے لئے الگ صوبہ اوراپنی اسمبلی چاہتے ہیں اورجو لوگ صوبہ قبائلستان کی مخالفت کررہے ہیں وہ قبائل کے دشمن ہیں، جوپختونوں کے حقوق کے ٹھیکیداربنے ہوئے ہیں وہ دراصل پختونوں کے قاتل ہیں۔ ملک خان مرجان نے الطا ف حسین سے کہاکہ آپ پاکستان کے واحدسیاسی رہنماہیں جنہوں نے سرائیکی صوبہ اورہزارہ صوبہ کے ساتھ ساتھ قبائلی عوام کے حقوق کیلئے صوبہ قبائلستان کے مطالبہ کاساتھ دیا، آپ نے قبائلی عوام کے دل جیت لئے ہیں۔مظلوموں کے حقوق کی جدوجہدمیں قبائلی عوام بھی ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہیں۔فاٹابھی آپ کاگھرہے اورہم مل جل کراس جدوجہدکوآگے بڑھائیں گے۔