8 جنوری 2012
وقت اشاعت: 19:41
پاکستانی جیلوں سے رہا 183بھارتی قیدی بھارتی حکام کے حوالے
جنگ نیوز -
لاہور … پاکستان نے واہگہ بارڈر کے راستے 183 بھارتی قیدیوں کو بھارتی حکام کے حوالے کر دیا، ان افراد میں 179 بھارتی ماہی گیر شامل ہیں۔ پاکستانی حکومت کی طرف سے جذبہٴ خیر سگالی کے تحت 179 بھارتی ماہی گیروں اور ایک سول قیدی کو کراچی کی ملیر جیل سے 7 جنوری کو رہا کیا گیا تھا ،انہیں خصوصی بسوں کے ذریعے واہگہ بارڈر لایا گیا جبکہ 3 سول بھارتی قیدیوں کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر کے وہاں پہنچایا گیا۔ بھارتی قیدیوں کا کہنا تھاکہ پاکستانی جیلوں میں ان کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا گیا، بھارتی ماہی گیروں کا کہنا تھاکہ جس طرح حکومت پاکستان انہیں اپنے وطن بھجوا رہی ہے، بھارت کی سرکار کو بھی پاکستانی قیدیوں کو جلد رہا کرنا چاہئے، بھارتی قیدیوں کی رہائی میں مدد دینے والے وکیل اویس شیخ کا کہنا تھاکہ امن کی آشا کیلئے دونوں جانب سے ایسے اقدامات کی ضرورت ہے۔