9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 6:53
میاں نواز شریف آج میموگیٹ کمیشن کے سامنے پیش ہونگے
جنگ نیوز -
اسلام آباد ... مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف آج میموگیٹ کمیشن کے سامنے پیش ہونگے،میموگیٹ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کئے گئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو گا،ذرائع کے مطابق کمیشن کی جانب سے صدر زرداری،آرمی چیف ،ڈی جی آئی ایس آئی،منصور اعجاز ،حسین حقانی سمیت تمام فریقوں کو دوبارہ نوٹس بھی جاری کرائے گئے۔واضح رہے کہ میمو گیٹ کی تحقیقات کے لیے قائم کیشن کا اجلاس آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی صدارت میں ہوگا۔کمیشن نے نوازشریف،آرمی چیف،ڈی جی آئی ایس آئی نوٹس جاری کررکھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روزنواز شریف اسلام آباد پہنچ گئے۔کمیشن کے پہلے اجلاس میں اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق، سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر، سیکریٹری کیبنٹ نرگس سیٹھی پیش ہوئے تھے تاہم طلب کئے جانے کے باوجود حسین حقانی اور ڈی جی آئی ایس آئی نہیں آئے تھے،کمیشن کی جانب سے جن فریقوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں ان میں صدر آصف زرداری،آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی ،ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا ،منصور اعجاز ،حسین حقانی،اٹارنی جنرل ،امریکی قومی سلامتی کے سابق مشیرجنرل ریٹائرڈ جیمزجونز،سیکریٹری خارجہ، میاں نواز شریف،اسحاق ڈار،اقبال ظفر جھگڑا،لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ،راجہ محمد فاروق،حیدر خان،حفیظ الرحمان،شفقت اللہ سہیل اور محمد طارق اسد سمیت تمام فریق شامل ہیں۔ اخبارات میں شائع کیے گئے نوٹس میں تمام فریقوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کمیشن کے آج ہونیوالے اجلاس میں پیش ہوں۔ کمیشن ذرائع کے مطابق حسین حقانی اور منصور اعجاز کے رابطوں پر کینیڈا میں بلیک بیری کمپنی اور پاکستان میں ان کے آفس کوبھی اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے نوٹس بھجوا دیے گئے ہیں۔کمیشن کے سیکرٹری جواد عباس کا کہنا ہے کہ کمیشن کی کارروائی اوپن رکھی جائے گی۔