تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 6:53

منصور اعجاز کو فوری پاکستان کا ویزہ جاری کیا جائے، میمو کمیشن

جنگ نیوز -


اسلام آباد… میموگیٹ تحقیقاتی کمیشن نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا ہے کہ منصور اعجاز کو فوری طور پر پاکستان کا ویزہ جاری کیا جائے۔ کمیشن نے سابق سفیر برائے امریکا حسین حقانی کی سیکیورٹی بڑھانے کی بھی ہدایت کر دی ہے۔ آج جب جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت شروع کی تو آرمی چیف جنرل اشفاق پرویزکیانی نے اپنے دورہ چین کی وجہ سے میموگیٹ کی تحقیقاتی کے جوڈیشل کمیشن کے سامنے آج پیش ہونے سے معذوری کا اظہار کیا ۔ پاک فوج کی جیگ برانچ کے جج ایڈووکیٹ جنرل ، بریگیڈئر نوبہار کی طرف سے ایک تحریری جواب اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے کمیشن کو بھیجا گیا ہے ، اس میں کہاگیا ہے کہ آرمی چیف، میمو معاملے پر حقائق سے متعلق اپنا تحریری بیان پہلے ہی جمع کراچکے ہیں، وہ طے شدہ پروگرام کے تحت چین کے دورے پر گئے ہوئے ہیں اس لئے وہ آج کمیشن کے روبرو پیش نہیں ہوسکتے۔ کیس کے مرکزی کردار منصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ کی جانب سے منصور اعجاز کو ویزے کے حصول میں درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھایا گیا جس پر کمیشن نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ منصور اعجاز کو فوری طور پر پاکستان کا ویزہ جاری کیا جائے۔ اٹارنی جنرل نے کمیشن کو یقین دہانی کرائی کے منصور اعجاز کو پاکستان آمد پر مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناء آج میموگیٹ کے تحقیقاتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کے موقع پر اسلام آباد کی ہائی کورٹ عمارت کی سکیورٹی کے غیرمعمولی اور سخت انتظامات کئے گئیہیں۔ اسلام آباد کے سیکریٹری جی ٹین میں واقع ہائی کورٹ عمارت کے اندر اور باہر اور قریبی عمارتوں کے چھتوں پر سکیورٹی اہل کار تعینات تھے، ہائی کورٹ میں آنے والی گاڑیوں کو بھی الگ مقام پر روکا جاتا رہا جبکہ ہائی کورٹ میں داخل ہونے والوں کی مکمل تلاشی بھی لی جاتی رہی ، میموگیٹ کمیشن کی کارروائی چیف جسٹس ہائی کورٹ کی عدالت میں ہوئی ، اسکے باہر بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔


متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.