9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 7:9
میمو سنجیدہ معاملہ ہے، کسی نہ کسی نے سازش کی ضرور ہے، نواز شریف
جنگ نیوز -
اسلام آباد… مسلم لیگ ن کے قائدمیاں نواز شریف نے کہا ہے کہ میمو ایک سنجیدہ معاملہ ہے، ہم نے کسی پر الزام عائد نہیں کیا لیکن کسی نہ کسی نے سازش کی ضرور ہے، وہ چہرے بے نقاب ہونے چاہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی کی سلامتی کمیٹی نے میمو کیس پر کوئی کام نہیں کیا، میمو کا معاملہ ایک خطرناک ایشو اور پاکستان کے خلاف سازش ہے اور جو کوئی بھی اس میں ملوث ہے ان کے چہرے بے نقاب ہونے چاہییں، ہم نے نہ حقانی صاحب کا نام لیا نہ صدر زرداری کا، صرف اس معاملے کی تحقیقات کیلئے درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی مسلسل حکم عدولی کی وجہ سے آج حکومت کو یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ این آر او کیس پر عمل درآمد کو بی بی کی قبر کے ٹرائل سے نہیں جوڑنا چاہیے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ سوئس بینکوں میں پڑی 60ملین ڈالر کی رقم کس کی ہے، اگر خط نہیں لکھا جاسکتا تو کم از کم یہ ہی بتادیں کہ رقم قوم کی ہے یا کسی کی ذاتی ملکیت، قوم کا پیسہ ہر صورت قوم ہی کو واپس ملنا چاہیے۔