تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 7:31

انگلینڈ کے خلاف سیریز،قومی کرکٹ ٹیم آج دبئی روانہ ہوگی

جنگ نیوز -


لاہور…مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم 2012 میں اپنی پہلی اور اہم ترین سیریز کھیلنے آج لاہور سے دبئی روانہ ہو رہی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 17 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹرز کو سیریز میں دنیا کی بہترین ٹیم کے چلینج سے نمٹنا ہے۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان کرکٹ بورڈ الیون بھی پیر ہی کو روانہ ہو رہی ہے۔ پی سی بی الیون اور انگلینڈ کے درمیان سہ روزہ میچ بدھ سے آئی سی سی گلوبل اکیڈمی میں شروع ہوگا۔ 2011 میں پاکستانی ٹیم نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ، زمبابوے، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو شکست دی تھی تاہم انگلینڈ کے خلاف سیریز گرین شرٹس کی صلاحیتوں کا اصل امتحان ہے۔ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم سیریز کھیلنے اور کامیابی کیلئے پر جوش ہے۔ اصل امتحان بولروں اور بیٹسمینوں کا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ، چار ون ڈے انٹرنیشنل اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم شام کو 5 بجے دبئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر پہنچے گی۔ پاکستان ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن آئی سی سی گلوبل اکیڈمی میں منگل کی صبح دس بجے ہوگا۔ مصباح الحق پریکٹس کے بعد دوپہر ساڑھے بارہ بجے آئی سی سی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں۔ 12 اور 13 جنوری کو بھی پاکستانی ٹیم اوول ٹو میں پریکٹس کرے گی۔ خیال رہے کہ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سابق ٹیسٹ اوپنر محسن خان کر رہے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.