9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 15:42
ڈسپنسروں کوپریکٹس کی عبوری اجازت کیلئے دائردرخواست مسترد
جنگ نیوز -
لاہور…لاہور ہائی کورٹ نے رجسٹر ڈسپنسروں کو ڈاکٹروں کی عدم موجودگی میں پریکٹس کی عبوری اجازت دینے کے لئے دائر درخواست مسترد کر دی۔ڈسپنسروں کی طرف سے متفرق درخواست دائر کی گئی کہ حکومت کی طرف سے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاوٴن میں رجسٹر ڈسپنسروں کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔ حالانکہ قانون کے تحت رجسٹرڈ ڈسپنسر ڈاکٹر کی عدم موجودگی میں پریکٹس کر سکتے ہیں۔ اس لئے عدالت حکومت کے کریک ڈاوٴن کے خلاف کیس کے فیصلہ تک درخواست گزاروں کو پریکٹس کی اجازت دے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کو انہیں ہراساں کرنے سے روکا جائے۔ سماعت کے دوران عدالت نے قرار دیا کہ ڈاکٹروں کے کام میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور حکومت کی طرف سے کسی کو ایسے کام سے روکنا جس کی قانون اجازت نہیں دیتا اسے ہراساں کرنا قرار نہیں دیا جا سکتا۔