9 جنوری 2012
وقت اشاعت: 18:53
کوٹھیاں اور کئی گاڑیاں رکھنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لایاجائے،ایف بی آر
جنگ نیوز -
اسلام آباد…چیئرمین ایف بی آر سلمان صدیق نے چیف کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ ٹیکس نادہندگان سے کوئی نرمی نہ برتی جائے ، کوٹھیاں پلازے اور کئی گاڑیاں رکھنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ چیئرمین ایف بی آرسلمان صدیق ملک بھر کے ریجنل ٹیکس دفاتر اورلارج ٹیکس پیئر یونٹ کے چیف کمشنرز کی اسلام آباد میں ہونے والی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ٹیکس نا دہندگان سے کوئی رعایت نہ برتی جائے اور سیلز ٹیکس ، انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں پھنسے 100ارب کے بقایا جات کی وصولی تیز کی جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کو بتا یا گیا کہ ایف بی آر کو رواں مالی سال کے دوران 1952ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے کیلئے 50سے 60ارب روپے اضافی اکٹھا کرنا ہو ں گے۔چیئرمین ایف بی آر نے سیلزٹیکس ری فنڈز کے حصول کے لیے جعلی انوائسز کی روک تھام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔چیف کمشنرز کی طرف سے کانفرنس کو بتایا گیا کہ زرعی آمدنی کے نام پر ٹیکس چوری کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر چیف کمشنرز کو ہدایت کی گئی کی آڈٹ کا نظام موثر بنایا جائے۔