5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بن گیا، کراچی 11سو کلومیٹر دور
جنگ نیوز -
کراچی . . . . . . . محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بن گیا ہے،جوکہ کراچی سے 11سو کلو میٹر دورجنوب مغرب میں ہے، ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان کا رخ کراچی سمیت سندھ کے یا بھارتی گجرات کی طرف ہوسکتاہے? کراچی میں شہری انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ دیگر ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے? محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے24سے 36گھنٹوں میں سمندری طوفان کی شدت میں اضافے کا امکان ہے ، کراچی اورساحلی علاقوں میں جمعے اورہفتے کوبارش کاامکان ہے? محکمہ موسمیات کے مطابقجمعرات سے ہفتے کے دوران سندھ مکران کی ساحلی پٹی پر بارش کاامکان ہے اورماہی گیرجمعرات سے ہفتے تک کھلے سمندرمیں نہ جائیں? دوسری جانب سمندر میں متوقع شدید طغیانی کے پیش نظر کراچی کی شہری حکومت اور شہری خدمات فراہم کرنے والے تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں?چیف سیکریٹری سندھ نے ریلیف کمشنر سندھ، سیکریٹری بلدیات، ڈی سی او کراچی سمیت تمام متعلقہ ضلعی افسران کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں? کراچی سے جاری اعلامیہ کے مطابق، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق،آئندہ چوبیس سے چھتیس گھنٹوں میں بحیرہ عرب میں سائیکلون بن چکا ہے، جس کے باعث سمندر کی لہریں بلند ہوسکتی ہیں?اس پیش گوئی کے مدنظر ایڈمنسٹریٹر کراچی لالہ فضل الرحمن نے صدر، کیماڑی، بن قاسم، کورنگی اور لانڈھی ٹاونز کے ساحلی علاقوں کے مکینوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ممکنہ انتظامات کرنے کے ہدایت کی ہے? ادھر سندھ کے ساحلی علاقوں کے قریب رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی ہے?فشر فوک فورم کے مطابق سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر ٹھٹھہ اور بدین کے ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں نے اپنی کشتیاں ساحل پر کھڑی کردی ہیں? ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے فوکل پرسن فیاض عباسی کے مطابق ممکنہ سمندری طوفان کے خطرے سے آگاہی کے لئے ساحلی علاقوں میں ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں ?تحصیل کی سطح پر ڈی ڈی اوز ریونیو اور ضلعی سطح پر ڈی او ریونیو کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں? ڈی سی او ٹھٹھہ نے ماہی گیروں سے کہا ہے آئندہ 72 گھنٹوں تک سمندر میں نہ جائیں ? اس کے علاوہ شکار کیلئے گئے ہوئے ماہی گیروں کو واپس بلانے کے انتظامات بھی کئے جارہے ہیں?