5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
ملتان جانیوالی ٹرین کی روانگی میں تاخیر پر مسافروں کا احتجاج
جنگ نیوز -
لاہور . . . لاہور سے ملتان جانے والی شاہ شمس ایکسپریس کو انجن نہ لگانے کے باعث ٹرین کے ساڑھے تین گھنٹے لیٹ ہو نے پرمسافروں نے ریلوے اسٹیشن پر احتجاج کرتے ہوئے ریلوے پولیس کے دفتر پر پتھراؤ کردیا جس کے بعد ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔شاہ شمس ایکسپریس نے پونے بارہ بجے لاہور سے ملتان جانا تھا لیکن تین بجے تک ٹرین کاانجن ہی نہیں لگایا گیا۔ جس پر مسافروں نے ریلوے انتظامیہ کے خلا ف شدید احتجاج کیا۔ جس پرریلوے پولیس نے مسافروں کوتشدد کا نشانہ بنایا۔ جس کے بعد مسافراشتعال میں آگئے اور انہوں نے ریلوے پولیس آفس پر پتھراؤ کیا اوردفتر کے شیشے توڑ دیے۔ مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے انتطامیہ کی جانب سے انہیں کہا جارہا تھا کہ انجن کے لیے فیول نہ ہونے کی وجہ سے ٹرین روانہ نہیں ہوسکے گی لہٰذا وہ اپنے پیسے واپس لے لیں ۔تاہم مسافروں کے احتجاج کے بعد ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔