5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
فٹبال ورلڈ کپ، آج پیراگوئے بمقابلہ جاپان، اسپین بمقابلہ پرتگال
جنگ نیوز -
جوہانسبرگ . . . فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام جاری عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 2010 میں منگل کو پری کوارٹرفائنل مرحلے کے آخری دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ جاپان اور پیراگوئے کے درمیان کھیلاجائے گا۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات سات بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا اور آخری پری کوارٹر فائنل میچ سپین اورپرتگال کی ٹیموں کے درمیان کھیلاجائے گا ۔ پاکستان کے فٹ بال شائقین یہ میچ رات ساڑھے گیارہ بجے دیکھ سکیں گے ۔ پری کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 8 فاتح ٹیمیں ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی جن کے درمیان کوارٹر فائنل مرحلہ کے میچز دو اور تین جولائی کو کھیلے جائیں گے ۔ کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 4 ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوں گی۔ جن کے درمیان پہلا سیمی فائنل 6 جولائی کو کیپ ٹاؤن میں جبکہ دوسرا سیمی فائنل 7 جولائی کو ڈربن میں کھیلاجائے گا۔ سیمی فائنل مرحلے کے بعد ٹورنامنٹ کی دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 11 جولائی کو جوہانسبرگ کے نوتعمیر شدہ گراونڈ سوکرسٹی میں کھیلاجائے گا۔ واضح رہے کہ دفاعی چیمپئن اٹلی کی ٹیم ٹورنامنٹ کے گروپ میچوں میں ہی میگاایونٹ سے باہر ہوگئی تھی۔