5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
افغانستان میں کرپشن پر امریکی کمیٹی برہم، امداد پر کارروائی معطل
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . افغانستان میں بڑھتی ہوئی کرپشن پر امریکی ایوان نمائندگان کی کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اربوں ڈالر کی امداد پر کارروائی روک دی ۔۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ صدر حامد کرزئی جب تک بدعنوانی کیخلاف کارروائی نہیں کریں گے مزید ایک دھیلا بھی نہیں ملے گا۔ایوان نمائندگان کی Appropriations سب کمیٹی آن اسٹیٹ اینڈ فارن آپریشنز کی سربراہNitaLowey نے کہا کہ امریکی امداد اعلیٰ افغان اہلکاروں کی جیبوں میں جانے کے الزامات سامنے آرہے ہیں ۔ کہا جارہا ہے کہ امداد کی رقم سوٹ کیسوں میں بھر کر بیرون ملک محفوظ کی جارہی ہے ۔ نیٹا لووی نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں تحقیقات کیلئے اجلاس طلب کریں گی اور افغانستان کو اس وقت تک مزید امداد دینے کی منظوری نہیں دے سکتیں جب تک انہیں یہ یقین نہیں آجاتا کہ یہ رقم بدعنوان افغان حکام، ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کی جیبوں میں نہیں جارہی ۔ صدر اوباما کی انتظامیہ نے افغانستان کیلئے تین ارب نوے کروڑ ڈالر کی امداد کی درخواست کی تھی۔ لیکن نیتا لووی کا کہنا ہے کہ انسانی بنیادوں پر دی جانے والی امداد کے علاوہ تمام فنڈز روک لئے جائیں گے کیونکہ وہ امریکی ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع ہوتے نہیں دیکھ سکتیں۔