تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43

امریکا اور پاکستان مل کر کام نہ کرسکے تو افغان جنگ ہار جائینگے، رپورٹ

جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . امریکی تھنک ٹینک اٹلانٹک کونسل نے کہا ہے کہ امریکا اور پاکستان مل کر کام نہ کرسکے تو افغانستان میں جاری جنگ پاکستان میں ہاری جاسکتی ہے ۔ یہ رپورٹ اٹلانٹک کونسل کے جنوبی ایشیا سینٹر کے ڈائریکٹر شجاع نواز نے تیار کی ہے جس کا عنوان ” پاک امریکا کمزور تعلقات: پاکستان خطرے میں“ ہے ۔ رپور ٹ میں کہا گیاہے کہ پاکستان اور امریکا مشترکہ اہداف کی بات کرتے لیکن بظاہر ایسا نظر آتا ہے کہ ان کے مقاصد مختلف ہیں ۔ جہاں تک امریکا کا تعلق ہے تو وہ ایک ایسے مستحکم افغانستان سے محفوظ فوجی انخلا چاہتا ہے جہاں القاعدہ پھر سے نہ ابھر سکے، دوسری جانب پاکستان اپنی جغرافیائی حدود کو فعال شورش سے محفوظ رکھنا چاہتا ہے جبکہ اس دوران اسے بھارت پر بھی نظر رکھنی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بڑھتی ہوئی داخلی سیاسی مجبوریوں کی وجہ سے لگتا ہے کہ یہ حقائق دونوں اتحادی ملکوں کے درمیان پالیسی پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان معاملات کو تبدیل کرسکتا ہے لیکن اس کیلئے اسے وہ وسائل دینا ہوں گے جو اسے امریکا، بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دیگر دوست ممالک سے درکار ہیں۔ اس کے ساتھ پاکستان کو کچھ بڑے کام خود سے کرنے ہوں گیجن میں پاکستان کے سیاسی نظام کی ترتیبِ نو، اقتصادی ترجیحات کا دوبارہ سے تعین اور اقتدار واقعتاً عوام اور عوامی نمائندوں کو لوٹانا شامل ہے ۔ رپورٹ میں پاکستان کی ضروریات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ فوری نوعیت کی ہیں ۔ امریکا کو پاکستان کی فوجی و اقتصادی امداد بڑھانا چاہئے ، پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مدد کی جائے ، سول ایٹمی تعاون کے معاملے پر سودے بازی شروع کی جائے اور پاکستان میں توانائی کا بحران دور کرنے کے لئے کوششوں کی حمایت کی جائے ، ان محاذوں پر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو پاکستان میں اس خیال کو مزید تقویت ملے گی کہ امریکا پاکستان کے کردار اور خطے کی صورتحال کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے اور اس کے قول و فعل میں تضاد ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.