5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
افغانستان:اتحادی فوج کے اڈے پر طالبان کا حملہ،شدید جھڑپیں
جنگ نیوز -
کابل . . . افغانستان کے شہر جلال آباد میں طالبان کی جانب سے اتحادی فوج کے اڈے پر حملے کے بعد شدید جھڑپیں شروع ہوگئیں۔ ادھر امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچ گئے ہیں۔ مقامی حکام اور ایساف کے مطابق جلال آباد میں پاکستانی سرحد کے نزدیک فوجی اڈے پر حملے کے بعد عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان کے مطابق جلال آباد شہر کے ایئرپورٹ کے اندر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا ہے کہ ایئرپورٹ کے اندر چھ خودکش حملہ آور داخل ہوگئے ہیں۔ اور صبح ہونے والے حملے میں تیس سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ تازہ ترین حملہ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر غیر اعلانیہ دورے پر کابل پہنچے ہیں۔ جہاں وہ اعلیٰ افغان اور امریکی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور افغانستان میں قانون کی عمل داری اور انسداد کرپشن جیسے معاملات پر گفتگو کریں گے۔ کابل میں ہولڈر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں کرپشن کے خلاف اقدامات اور قانون کی حکمرانی امریکی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اور افغان حکومت کو موثر کرمنل جسٹس سسٹم قائم کرنے کیلئے مدد جاری رکھیں گے۔