5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
فریڈم فلوٹیلا پر حملے کی تحقیقات ، اسرائیلی افسر کی مستعفی ہونے کی دھمکی
جنگ نیوز -
مقبوضہ بیت المقدس . . . غزہ کیلئے امداد لیجانے والے فریڈم فلوٹیلا پر حملے کی تحقیقات کرنے والے اسرائیلکمیشن کے سربراہ نے زیادہ اختیارات نہ دینے پر مستعفی ہونے کی دھمکی دیدی۔ ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق کمیشن کے سربراہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج یعقوب ترکل نے سیاسی اور عسکری حکام کے خلاف کارروائی کی سفارش کرنے کا اختیارمانگ لیا اوروزیر قانون کو آگاہ کردیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ ذمے داری سے الگ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی تحقیقات کیلئے قائم آزاد پبلک کمیشن کو سیاسی اور عسکری رہنماؤں کیخلاف پابندیوں کی سفارشات کرنے کا اختیار دیا جائے۔ جبکہ کمیشن کے تین ارکان اور دو مبصرین کیلئے معاونین بھی فراہم کیے جائیں۔ یعقوب ترکل نے کمیشن میں ردوبدل پر کابینہ کی جانب سے اتوار کو غور تک اپنا استعفیٰ روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم نتن یاہو گزشتہ روز کمیشن کے اختیارات میں توسیع کا عندیہ دے چکے ہیں۔ تاہم سوائے چیف آف اسٹاف کے فریڈم فلوٹیلا پر حملے میں ملوث فورسز کے کسی اہلکار کے خلاف تحقیقات کی اجازت نہیں دی جائیگی۔