5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:43
افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی شمولیت نا گزیر ہے، پیٹریاس
جنگ نیوز -
واشنگٹن . . . افغانستان میں امریکی فوج کے نئے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے کہا ہے کہ افغانستان میں مفاہمت کے عمل میں پاکستان کی شمولیت ناگزیر ہے ۔یہ بات انہوں نے امریکی سینیٹ کے آرمڈ سروس کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہی ۔ کمیٹی نے افغانستان میں امریکی فوج کے سربراہ کی حیثیت سے جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کی نامزدگی کی منظوری دے دی۔ان کا کہنا ہے کہ امریکا کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت کو مزید فروغ دینا ہوگا ۔ جنرل پیٹریاس نے اعتراف کیا کہ افغان جنگ میں پیشرفت توقعات سے کہیں سست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ شدید لڑائی جاری رہنے کا امکان ہے جو اگلے چند مہینوں میں شدید تر ہوجائے گی۔ افغانستان میں سیکیورٹی کی صورت حال نازک ہے اور سخت جان طالبان توقعات سے زیادہ مزاحمت کرسکتے ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعد پیٹریاس کی اس ہفتے سینیٹ سے باضابطہ منظوری بھی یقینی ہوگئی ہے۔ جنرل پیٹریاس افغانستان میں اتحادی فورسز کے کمانڈر کے طور پر نیٹو کی منظوری کیلئے آج برسلز روانہ ہونگے۔