5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فنڈز کا استعمال، سپریم کورٹ بار کا بابر اعوان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان
جنگ نیوز -
لاہور . . . سپریم کورٹ بار نے اعلان کیا ہے کہ قومی خزانے کے بے دریغ استعمال پروفاقی وزیرقانون بابراعوان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔لاہورہائی کورٹ بارمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار کے سیکریٹری راجا ذوالقرنین نے کہا کہ بابر اعوان بار ایسوسی ایشنزکے لئے مختص فنڈز کی تقسیم سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں،بار کونسلزاور ایسوسی ایشنز کیلیے مختص فنڈزکو بجٹ کا حصہ بنایا جائے۔وکلا کو خریدنے کے لئے فنڈز کے بے دریغ استعمال کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہاکہ بابر اعوان بارز کو نہیں بلکہ افراد میں فنڈز تقسیم کررہے ہیں اگروہ واقعی کسی عرب شیخ کے بیٹے اور امیر کبیر شخصیت ہیں تو وکلا برادری کے فنڈز کے بجائے اپنی جیب سے انعامات دیں۔انہوں نے کہا کہ بابر اعوان بار ایسوسی ایشنز کے فنڈز سے لاکھوں روپے جہاز کے کرائے کی مد میں خرچ کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران سکیورٹی رسک ہیں جو این آر او کی پیداوار اور باہر سے مسلط کیے گئے ہیں۔