5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ہالا ناکہ دھماکے کے3روز بعد وزیر اعلیٰ سندھ کی زخمیوں کی عیادت
جنگ نیوز -
حیدر آباد . . . وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ہالا ناکا دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی تین دن بعد عیادت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا کو ڈھائی ڈھائی لاکھ اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سول اسپتال حیدرآباد کے سرجیکل وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ میں ہالا ناکا کے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی، واقعے کے حوالے سے معلومات لیں اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ۔ تاہم انہوں نے سرجیکل وارڈ میں موجود دھماکے سے تباہ ہونے والے ٹرک کے ڈرائیور اور کلینر سے عیادت نہیں کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سول استال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ زخمی ہونے والے مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ بعد میں سرکٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہالا ناکا میں ہونے والا دھماکا دہشت گردی کی کارروائی نہیں بلکہ ایک حادثہ تھا۔ٹینکر میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس تھی جو گرمی میں پھیلتی ہے ۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا کو ڈھائی ڈھائی لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ ادھر ہالا ناکا میں دھماکے کے دو روز بعد معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے اور لوگوں نے اپنا کاروبار شروع کردیا ہے۔