تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

وزیر داخلہ سندھ کی مساجد و امام بارگاہوں کی سخت سیکیورٹی کی ہدایت

جنگ نیوز -
کراچی… وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزانے ماہ رجب اور حضرت علی کے یوم ولادت اور اس تسلسل میں ہونے والی تقاریب اور مجموعی طور پر تمام مساجد، امام بارگاہوں کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔محکمہ داخلہ سندھ کے اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ اسپیشل برانچ، سی آئی ڈی اور خفیہ اداروں و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطوں میں رہیں اور انٹیلی جنس اطلاعات کے تبادلوں کے نظام کو مزید مستحکم بنائیں تاکہ دہشت گردی و تخریب کاری کی ممکنہ کارروائیوں کے انسداد کو یقینی بناتے ہوئے ملک و سماج دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا جائے۔ انہوں نے پولیس کو اس تناظر میں ہدایات جاری کیں کہ متعلقہ علاقوں اور باالخصوص ممکنہ حساس مقامات پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے جائیں اور علمائے کرام و مذہبی رہنماوں کی حفاظت کے لیے زونل سطح پر مربوط انتظامات کیے جائیں۔ اسلحہ کی نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے اور سرگرم عناصر کے خلاف بھی سخت ترین ایکشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزیدہدایات دیں کہ شہریوں کی جان و مال کی سلامتی کے سلسلے میں پولیس تمام سیکیورٹی اقدامات بشمول اسنیپ چیکنگ، پیٹرولنگ، پکٹنگ، ناکہ بندی، ریکی نظام، سراغ رسانی، انٹیلی جنس معلومات کا حصول استعمال کرے اورملزمان کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں اور تمام پبلک مقامات نیز اہم سرکاری و غیر سرکاری تنصیبات، عمارتوں، دفاتر، فاسٹ فوڈ چینز ، ہوٹلز، ایئر پورٹس، ریلوے اسٹیشنوں، بس ٹرمنلز، ٹرک اسٹینڈز، سفارت خانوں، سفیروں کے رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں میں وائر لیس نیٹ ورک سے استفادے کو یقنی بنائے تاکہ فوری اور برووقت پولیس ایکشن سے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ کی قبل از وقت روک تھام کی جاسکے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.