5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
10 سالوں میں سرطان سے 8 کروڑ ہلاکتیں ہو سکتی ہیں، عالمی ادارہ صحت
جنگ نیوز -
جنیوا …جنگ نیوز… عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ آئندہ دس سال کے دوران سرطان سے دنیا بھر میں اندازاً 8 کروڑ 40 لاکھ ہلاکتیں ہو سکتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سرطان سے ہلاکتوں میں اضافہ اسی شرح سے ہونے کی صورت میں 2030ء میں ہلاکتوں کی سالانہ تعداد ایک کروڑ 20 لاکھ ہو جائے گی۔ 2005ء میں سرطان سے 76 لاکھ ہلاکتیں ہوئیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سرطان سے ہونے والی ہلاکتوں میں زیادہ تر ہلاکتیں پھیپھڑوں، معدے، بڑی آنت اور جگر کے سرطان سے ہوتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پھیپھڑوں کے سرطان سے سالانہ 13 لاکھ، معدے کے سرطان سے 8 لاکھ 3 ہزار، بڑی آنت کے سرطان سے 6 لاکھ 39 ہزار اور جگر کے سرطان سے 6 لاکھ ایک ہزار ہلاکتیں ہوتی ہیں۔ دریں اثناء پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ڈاکٹر وسیم خواجہ نے بتایا کہ سرطان خلیوں کے بے ترتیب اور بے قابو نشوونما سے ہوتا ہے جس سے سرطانی خلیے متاثرہ عضو میں پھیل جاتے ہیں جس سے پورا جسم متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سرطان کی روک تھام کیلئے سگریٹ نوشی پر قابو پانا بہت ضروری ہے کیونکہ تمباکو نوشی کرنے والوں کی 80 سے 90 فیصد اموات پھیپھڑوں کے سرطان سے ہوتی ہیں جبکہ ترقی پذیر ممالک میں سرطان سے 30 فیصد ہلاکتیں دیگر اقسام کے سرطان سے ہوتی ہے۔ ڈاکٹر وسیم خواجہ نے مزید بتایا کہ سرطان کا ابتدائی مراحل میں سرجرتی، ریڈیوتھراپی اور کیموتھراپی سے علاج ممکن ہے۔