5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
رحمان ملک کے خلاف مقدمے کی سماعت13جولائی تک ملتوی
جنگ نیوز -
راول پنڈی…راول پنڈی کی احتساب عدالت کے جج نے کہا ہے کہ جب تک وزیرداخلہ رحمان ملک کو ملنے والی سزا کے خلاف اپیل پر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں آجاتا اس وقت تک ان کے خلاف دو ریفرنسز واپس لینے کے لئے نیب کی درخواست پر فیصلہ نہیں سنایا جاسکتا۔ احتساب عدالت نمبر چار کے جج چوہدری عبدالحق نے رحمان ملک کے خلاف گاڑیاں رشوت میں لینے اور شہری کو لوٹنے کے الزامات میں دائر ریفرنسز واپس لینے کیلئے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نے موقف اختیار کیا کہ رحمان ملک کو نیب ریفرنس میں عدم حاضری پر جو تین سال کی سزا ہوئی اس کا زیرسماعت مقدمے سے تعلق نہیں بنتا۔ اس پر جج نے ریمارکس میں کہا کہ اس سزا کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور جب تک وہاں فیصلہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک نیب کی ریفرنسز کی واپسی کیلئے دائر درخواستوں پر حکم نہیں سنایا جاسکتا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ رحمان ملک کے وکیل ناگزیر مصروفیات کے باعث عدالت میں نہیں آسکے جس پر مقدمے کی مزید سماعت تیرہ جولائی تک ملتوی کردی گئی۔