5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کرزئی کی فوجی افسروں کے گروپ کو تربیت کیلئے پاکستان بھیجنے کی منظوری
جنگ نیوز -
کابل . . . افغان صدر حامد کرزئی نے فوجی افسروں کے ایک گروپ کو تربیت کے لئے پاکستان بھیجنے کی منظوری دے دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق افغان اور پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں استحکام اور پالیسی میں تبدیلی کا اہم اشارہ ہے ۔ صدر کرزئی نے مذاکرات کے ذریعے یا میدان جنگ میں طالبان کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لئے پاکستان کو ناگزیر حلیف کے طور پر دیکھنا شروع کردیا ہے ۔ صدر کرزئی کے قومی سلامتی کے مشیر کا کہنا ہے کہ افغان فوجی افسروں کو تربیت کے لئے بھیجنے کا فیصلہ پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے جس سے امید ہے کہ طالبان کے مسئلے پر افغان حکومت کے ساتھ سنجیدہ بات چیت کے لئے پاکستان کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔ دوسری جانب افغانستان میں نیٹو کی ٹریننگ کمانڈ کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل ولیم کالڈ ویل کا کہنا ہے کہ انہیں افغان فوجی افسروں کی پاکستان میں تربیت کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور نہ افغان حکومت نے اس سلسلے میں نیٹو سے سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کہا ہے۔