5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
کوئٹہ کے شہریوں کا بجلی کے نرخوں میں اضافے پر شدید رد عمل
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . کوئٹہ کے شہریوں نے بجلی کے نرخوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا ۔کوئٹہ کے شہریوں نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو گرمی کے موسم میں پہلے ہی سے مشکلات سے دوچارکر رکھا تھا اور اس دوران بجلی کے نرخ بڑھانے کے اعلان نے مہنگائی میں مزید پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جسے پورا کرنے میں حکومت ناکام نظر آتی ہے، جب کہ صوبے کے زرعی علاقوں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے زراعت بری طرح متاثرہورہی ہے جبکہ کوئٹہ میں شہریوں کو پانی کے حصول سمیت دیگر معمولات زندگی گزارنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں برقی قلت 930میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جس کو پورا کرنے کے لئے بلوچستان کے شہری اوردیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو کہ شیڈول کے مطابق ہے ۔ کوئٹہ میں 8سے 10گھنٹے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرزسمیت دیہی علاقوں میں 16سے 18گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔