5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ارکان اسمبلی کی313ڈگریاں تصدیق کیلئے پنجاب یونیورسٹی کو موصول
جنگ نیوز -
لاہور . . . ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے ارکان اسمبلی کی 313 ڈگریاں تصدیق کے لئے پنجاب یونیورسٹی کو موصول ہوگئی ہیں۔دوسری طرف ہائی کورٹ نے نااہلی کیس میں رکن پنجاب اسمبلی صفدر گل کی عدالت میں طلبی کیلیے اخباری اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا جبکہ جسٹس اعجازالحسن نے نااہل قرار دیے گئے سابق ایم این اے حسنین جاویدکی اپیل سننے سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب یونی ورسٹی کو تصدیق کے لئے بھیجی گئی ڈگریوں میں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی کی ڈگریاں شامل ہیں۔ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پنجاب یونی ورسٹی کو ہدایت کی ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریوں کی 15روز میں تصدیق مکمل کرکے رپورٹ بھیجی جائے۔کمیشن کی ہدایت پریونی ورسٹی انتظامیہ نے ڈگریوں کی ہنگامی جانچ پڑتال کیلیے کمیٹی بنادی ہے۔دوسری جانب الیکشن ٹریبونل نے بہاولپورکی تحصیل حاصل پورکے حلقہ پی پی 274سے منتخب مسلم لیگ ن کے رکن صفدر گل کے خلاف دائر نااہلی کیس میں ان کی عدم حاضری پر اخبارمیں اشتہار دینے کا حکم دے دیا ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اعجاز الحسن نے بعض ذاتی وجوہات پر نااہل قرار دیئے گئے مسلم لیگ ن کے سرگودھا سے سابق ایم این اے حسنین جاوید کی انٹراکورٹ اپیل سننے سے انکار کردیا۔سیدحسنین جاوید کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر الیکشن ٹریبونل نے نااہل قرار دے دیا تھا۔