5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
فٹ بال کپ،سعودی عرب میں شائقین کیلئے موبائل مساجد قائم
جنگ نیوز -
ریاض . . . جنگ نیوز . . . سعودی عرب کی مذہبی پولیس نے عالمی فٹبال ورلڈ کپ کے تناظر میں فٹبال کے شائقین کیلئے موبائل مساجد بنائی ہیں۔العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ان موبائل مساجد کو امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا عملہ سعودی عرب میں ان ریستورانوں کے باہر پارک کر دیتا ہے جہاں پر نوجوان فیفا ورلڈ کپ کے میچ اجتماعی طور پر دیکھنے کے لئے جمع ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابقموبائل مساجد کا تصور سعودی مذہبی پولیس کے ذہن میں اس وقت آیا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ بہت سے گروپ میچوں کے اوقات نماز با جماعت کے اوقات سے متصادم ہونے کی وجہ سے نوجوان مساجد کا رخ نہیں کر رہے ۔ اس پس منظر میں نماز کی بروقتی ادائی کو یقینی بنانے کے لئے موبائل مساجد متعارف کرائی گئیں۔ان موبائل مساجد میں وضو کی جگہ، جائے نماز کے ساتھ ساتھ موٴذن اور نماز باجماعت کے لئے امام صاحبان بھی موجود ہوتے ہیں۔ ریستوران یا کھلے مقامات پر قد آدم ٹی وی سکرینز پر فٹبال میچ دیکھنے والوں سے چند میٹر کے فاصلے پر یہ موبائل مساجد کھڑی کر دی جاتی ہیں، جہاں نماز کا وقت ہوتے ہی آذان دی جاتی ہے اور پھر نماز باجماعت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔