5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ،قلات اور پشین میں قومی شاہراہ بلاک کر دی گئی
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف قلات اور پشین میں زمینداروں نے قومی شاہراہ بلاک کر کے نیٹو ٹینکروں کو روک دیا جس سے نیٹو فورسز کو سپلائی معطل ہوگئی۔ملک کے دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ اور صوبے کے دیگر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی کئی کئی گھنٹے کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جہاں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئے ہیں وہیں زمینداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ زمیندار ایکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بازئی نے جیو نیو ز کو بتا یا کہ بجلی کی لوشیڈنگ سے ٹیوب ویل نہیں چل پاتے جس سے باغوں اور فصلوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔متعلقہ محکمے کو کئی بار اس مسئلے سے اگاہ کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ کے اوقات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی بلکہ اس میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجاً صوبے کے مختلف مقامات پر نیٹو فورسز کی سپلائی والے ٹینکروں اور کنٹینروں کو غیر معینہ مدت کے لئے روکا جائے گا۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف زمینداروں نے قلات کے علاقے منگوچر اور ضلع پشین کے علاقے یارو میں بھی روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا۔