5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
پنجاب ، کراچی جامعات کو 419ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں موصول
جنگ نیوز -
کراچی…ملک کی دو بڑی جامعات پنجاب یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کو 419 ارکان پارلیمنٹ کی ڈگریاں تصدیق کیلئے موصول ہوگئی ہیں ،این ای ڈی یونی ورسٹی نے چار ڈگریوں کے مستند ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 313ارکان کی ڈگریاں تصدیق کیلئے پنجاب یونی ورسٹی کو بھیجی ہیں۔ یونی ورسٹی انتظامیہ نے 15روز میں ڈگریوں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کرنے کے لیے کمیٹی بنادی ہے ۔جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پیر زادہ قاسم کا کہنا ہے کہ یونی ورسٹی کو 106 ارکان کی ڈگریاں موصول ہوئی ہیں ۔ ان میں فاروق نائیک ، شہلا رضا ، نثار کھوڑو، میر ہزار خان بجارانی ،رحمان ملک ،رضا ربانی اور دیگر ارکان شامل ہیں ۔ این ای ڈی یونی ورسٹی کو چار ارکان مراد علی شاہ ، محمد فرحت خان، طیب حسین اور بسنت لعل کی ڈگریاں موصول ہوئیں،جس کی مستند ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے ۔ بلوچستان سے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی ڈگریاں تصدیق کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھجوادی گئی ہیں ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایت پر بلوچستان میں گریڈ سترہ اور اس سے اوپر کے سرکاری ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال کاکام بھی شروع کردیا گیا ہے ۔