5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
ورلڈ کپ فٹ بال میں ٹرافی کی کش مکش اب آٹھ ٹیموں تک محدود
جنگ نیوز -
جوہانسبرگ…جنوبی افریقا میں جاری ورلڈ کپ فٹبال میں اب ٹرافی کی کش مکش صرف آٹھ ٹیموں تک محدود رہ گئی ہے۔میگا ایونٹ میں آج دو کوارٹر فائنلز کھیلے جائیں گے۔برازیل اور ہالینڈ کی ٹیموں میں ٹکراؤ ہوگا تو گھانا کی ٹیم یوراگوئے سے مقابلہ کرے گی۔ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن برازیل اورہالینڈ کی ٹیمیں پورٹ ایلزبتھ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میگا ایونٹ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی اب تک شان دارہے۔ہالینڈ نے اپنے تمام میچز میں کامیابی حاصل کی ہے تو برازیل کی ٹیم بھی ناقابل شکست ہے۔ان دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر نو میچزہوچکے ہیں۔ تین میں برازیل اور دو میں ڈچ ٹیم فاتح بنی۔ ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں تین مرتبہ مد مقابل آئیں۔ دو بار برازیل کامیاب رہی تو ایک میں فتح نے ہالینڈ کے قدم چومے ، لیکن کوارٹر فائنل میں دونوں ٹیموں کے لیے سب سے اہم بات فیئر پلے ہوگا، کیونکہ برازیل کے اسٹرائیکر لوئس فابیانو ، یوآن اور میلو کو ورلڈ کپ میں یلو کارڈز دکھائے جاچکے ہیں ، جبکہ ہالینڈ کے سات کھلاڑی معطلی کے خطرے سے دوچار ہیں۔ برازیل اور ہالینڈ کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ دوسرا کوارٹر فائنل یوراگوئے اور گھاناکی ٹیموں کے درمیان جوہانسبرگ کے ساکر سٹی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ یوراگوئے نے 1970 کے بعد اب تک میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کی، جبکہ گھانا کی ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل ایٹ میں پہنچی ہے۔یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے گیارہ بجے کھیلا جائے گا۔