تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44

داتا دربار میں شہید ہونے والوں کی تعداد43ہوگئی،28کی شناخت

جنگ نیوز -
لاہور…لاہورمیں داتا دربارپرجمعرات کی رات دو خود کش دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد43ہو گئی ہے، 175 افراد زخمی ہیں، جب کہ 28شہداء کی شناخت ہو گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں حملہ آوروں کے سر مل گئے ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش جمعے کے روز بھی کرتے رہے۔داتا دربارمیں جمعرات کی رات پہلا دھماکا10بج کر 48منٹ پراوردوسرا اس کے ٹھیک5منٹ بعد ہوا۔پہلا دھماکا وضو خانے جبکہ دوسرا مزار کے احاطے میں کیا گیا ۔ دھماکوں کے بعد ہر طرف چیخ و پکار مچ گئی،کئی لوگ بھگدڑمچنے سے بھی زخمی ہوئے۔اطلاع ملنے پر رسکیواورپولیس ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے زخمیوں اورشہادت پانے والے افراد کو میو اسپتال، گنگا رام اور سروسزاسپتال منتقل کیا۔دھماکوں کے بعد داتا دربار میں رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے۔ زائرین ایک دوسرے کے گلے لگ کر روتے رہے جبکہ اسپتالوں اور ڈیڈ ہاؤس میں لوگ اپنے پیاروں کو تلاش کرتے رہے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ داتا دربار سے ملنے والے دونوں خودکش حملہ آوروں کی عمریں 17 سے22 سال کے درمیان تھیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دہشت گردوں نے20کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا جن میں بال بیرنگ اور گولیاں استعمال کی گئیں جس کے باعث بڑی تعداد میں زائرین شہید اور زخمی ہوئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ خود کش حملہ آوروں نے سبز پگڑیاں باندھ رکھی تھیں۔ سیکیورٹی اداروں کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق خود کش حملہ آور بلال گنج مارکیٹ کی طرف سے آئے تھے۔حملوں کے بعد لوگ مشتعل ہوگئے۔انہوں نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا اورشدید نعرے بازی کی۔پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کوگھیرے میں لیکرمظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس استعمال کی جس پر مظاہرین ٹولیوں میں بٹ گئے اوران میں سے کچھ نے پیر مکی کے قریب ٹائرجلا کر سڑک بلاک کر دی اورمیڈیا کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ادھر داتا دربار سانحے کے بعد لاہور سمیت ملک بھر میں سوگ کی فضا ہے جبکہ مختلف مذہبی جماعتوں اور لاہور کی تاجر برادری نے کی جانب سے آج سوگ منایا جارہا ہے۔ دوسری جانب شہید ہونے والوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے پانچ پانچ لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 75ہزار فی کس مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.