5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
آئی ایس آئی کو آکاش ملاح تحویل میں نہ ہونے کا حلف نامہ دینے کا حکم
جنگ نیوز -
اسلام آباد . . . سپریم کورٹ نے جئے سندھ قومی محاز کے رہنما آکاش ملاح کی گمشدگی کے کیس میں آئی ایس آئی کی طرف سے حلف نامہ فائل کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں آکاش ملاح کیس کی سماعت جسٹس انور ظہیر جمالی اور جسٹس خلجی عارف حسین پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایس آئی کا کوئی ذمہ دار افسر جو میجر سے کم نہ ہو،حلف نامہ داخل کرے کہ آکاش ملاح انکی تحویل میں نہیں ہے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل عمر حیات سندھو نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ آکاش ملاح کی گمشدگی میں آئی ایس آئی کا ہاتھ نہیں ہے اور نہ ہی وہ ہماری تحویل میں ہے، جبکہ انسپکٹر شاہ جہاں بلوچ جو درخواست گزار کے مطابق آکاش ملاح کو گرفتار کرکے لے گیا وہ کبھی آئی ایس آئی میں نہیں رہا۔جئے سندھ قومی محاذ کے رہنما آکاش ملاح کو گزشتہ سال 30 اکتوبر کو حیدرآباد سے مبینہ طور پر سرکاری ایجنسیوں کے اہلکار اٹھاکر لے گئے تھے۔