5 مارچ 2011
وقت اشاعت: 20:44
سپریم کورٹ کا عامر یاروارن کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم
جنگ نیوز -
کوئٹہ . . . بلوچستان یونی ورسٹی نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ ایک روز قبل ہی پیپلز پارٹی کے مستعفی ہونے والے ایم این اے عامر یار وارن کی تعلیمی سند جعلی ہے۔ اس پر عدالت نے مستعفی ایم این اے کے خلاف الیکشن کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عامر یار وارن نے اپنی گریجویشن کی سند کو سیاسی مخالف میاں نجیب الدین کی طرف سے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کے بعد گزشتہ روز اسمبلی رکنیت سے استفعی دے دیا تھا۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں عدالتی بنچ نے آج اس مقدمہ کی سماعت کی تو بلوچستان یونی ورسٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عامر یار وارن کی سند جعلی ہے۔ اس پر عدالت نے یہ معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجتے ہوئے حکم دیا کہ عامر یار وارن کے خلاف اسی عدالتی فیصلے کے مطابق کارروائی کی جائے جو جعلی سند کیس میں مسلم لیگ کے نااہل ایم پی اے رضوان گل کے خلاف دیا گیا تھا۔ اس حکم میں عدالت نے رضوان گل کو نااہل قرار دیتے ہوئے ، جعلی سند کے جرم میں قانونی کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔